مرکزی حکومت تلنگانہ سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کرے، بجٹ اجلاس سے قبل کے ٹی آر کی اپیل
حیدرآباد: 30؍جنوری (عصرحاضر) مرکزی بجٹ پارلیمنٹ میں یکم فروری کو پیش کیا جانے والا ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی تارک راما راو نے وزیراعظم نریندر مودی کو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت بجٹ 2022 کو پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔ اسی کے پیش نظر وہ گزشتہ سال بجٹ میں کئے گئے وعدوں کی طرف توجہ دلانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ 2022 کے سلسلہ میں وہ توجہ دلانا چاہتے ہیں کہ بعض وعدے آپ نے جو کئے تھے ان پر توجہ ضروری ہے۔
تارک راما راو نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ گزشتہ بجٹ میں وزیراعظم کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے اخبارات کے تراشے بھی پوسٹ کئے۔ ان میں وزیراعظم مودی کی جانب سے سال 2022 تک ہر ہندوستانی کے پاس گھر، کسانوں کی آمدنی 2022 تک دوگنی کرنے، ہر گھر کے لئے پانی، بیت الخلا، بجلی کی سہولت کے لئے 2022 کو ڈیڈ لائن بنانے، 2022 تک بُلٹ ٹرین کو حقیقت میں بدلنے، 2022 تک ہندوستانی معیشت کو دوگنی کرنے جیسے وعدے شامل ہیں۔
تارک راما راو نے وزیراعظم پر زوردیا کہ وہ تلنگانہ جیسی ترقی پسند ریاست (جو ہندوستان کی معیشت میں چوتھا بڑا رول ادا کرتی ہے) کی، آندھرا پردیش تنظیم نو قانون میں کئے گئے وعدوں، مشن بھاگیرتا اور مشن کاکتیہ کے لئے نیتی آیوگ کی سفارشات پر عمل کے ذریعہ مدد کریں۔