سالِ نو کے جشن کے دوران حیدرآباد، سائبرآباد اور راچاکنڈہ کمشنریٹ میں 3146 ڈرنک اینڈ ڈرائیو مقدمات درج
حیدرآباد: یکم؍جنوری (عصرحاضر) نئے سال کے موقع پر حیدرآباد، سائبرآباد اور راچاکنڈہ کمشنریٹ حدود کے تحت ٹریفک پولیس کے ذریعہ 3,146 مقدمات درج کئے گئے۔
کل 1,258 مقدمات حیدرآباد کمشنریٹ کے تحت، 1,528 سائبرآباد کمشنریٹ کے تحت اور 360 کیس رچاکونڈہ کمشنریٹ حدود کے تحت درج کئے گئے۔ ٹریفک پولیس ڈیپارٹمنٹ نے حیدرآباد میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو چیک کرنے کے لیے 265 ٹیمیں تشکیل دیں۔
جوبلی ہلز میں تقریباً 50 افراد نشے کی حالت میں گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے۔ پولیس نے 40 دو پہیہ گاڑیاں، سات کاریں اور آٹو رکشا ضبط کرلئے۔ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 92 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔
اس دوران جوبلی ہلز میں کے بی آر پارک کے قریب نشے کی حالت میں ایک خاتون نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ خاتون نے بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کردیا اور پولیس کے ساتھ جھگڑا ہوگیا۔ خاتون اور دو دیگر مردوں کو گرفتار کرکے تھانے بھیج دیا گیا۔