تلنگانہ اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام بچوں کا ماہنامہ ”روشن ستارے“کا تازہ شمارہ منظر عام پر
حیدرآباد: 10؍اگست (عصرحاضر) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام بچوں کا ماہنامہ ”روشن ستارے“کا اگست2021کا شمارہ زیور طباعت سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آچکا ہے۔
اس خوبصورت‘ رنگین‘ دیدہ زیب ملٹی کلر دلچسپ معلومات سے بھر پور تازہ شمارے میں جناب محمد رحیم الدین انصاری صدر نشین تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کا پیام‘ ڈاکٹر محمد غوث ڈائر یکٹر /سکریٹری تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کا اداریہ‘ ستار فیضیؔ کی حمد اور فضیل فوزؔ کی نعت شریف کے علاوہ جشن آزادی کے حوالے سے سراج عظیم کی سبق آموز کہانی‘ قمر جمالی کی دلچسپ کہانی”مرغ اور مٹر کا دانہ“ منظور وقار کی کہانی ”اندر کا خوف“ محمد قمر سلیم کی کہانی”کاہل لڑکا“ محمد منیر رحمانی کی کہانی ”دل صاف تو ماحول بھی صاف“ اور سائنسی نگار شات میں محمد خلیل (سائنٹسٹ) کی ”قدرتی گھڑی“ رفیعہ نوشین کی ”طاقت پرواز“ ڈاکٹر عزیز احمد عرسی کا مضمون ”ایک خیالی پرندہ“ نظموں میں انجم باروی کی نظم ”رکھو ترنگے کو بلند“ رحیم رضا کی ”نٹ کھٹ با بو“ ظہیر رانی بنوری کی ”میرا وطن“ اور رفیق گلاب کی نظم پڑھ لکھ کر کچھ بننا ہے شامل ہے۔
لطیفے‘ ذہنی ور زش‘ فنکاروں کا صفحہ‘ رنگ بھرو‘ ہند سے ملاؤ جیسے دلچسپ مشاغل کے علاوہ تفریح و تربیت کے زیر عنوان نصیحت آموز اقوال اور معلوماتی نگار شات بھی موجود ہیں‘ نئی نسل کو اردو کی طرف راغب کرنے کے لیے ”آؤ اردو سیکھیں‘ اور ڈاکٹر م۔ق سلیم کی ”آسان اردو قواعد“ کے ساتھ ساتھ تعلیمی خبر نامہ بھی ہے‘ ستاروں کا البم کے عنوان سے بچوں کے تصاویر سے مزین یہ دلچسپ معلومات سے بھر پور معیاری رسالہ صرف 15روپئے میں دفتر تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی چوتھی منزل‘ حج ہوزنامپلی‘ حیدرآباد سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔