
مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم گولکنڈہ میں افتتاحِ درس بخاری شریف و دعائیہ نشست کا انعقاد
حیدرآباد: 11؍جون (دلشاد قاسمی) مدرسہ اسلامیہ دارلعلوم گولکنڈہ(قاضی گلی قلعہ گولکنڈہ )میں بتاریخ ۲۷؍شوال المکرم بروز چہارشنبہ 1442 ھ بحمداللہ دورہ حدیث شریف کا آغاز عمل میں آیا ہے، اس مبارک و مسعود موقع پرحضرت مولانا مفتی جمال الدین صاحب قاسمی (شیخ الحدیث و صدر مفتی دارالعلوم حیدرآباد) دامت برکاتہم نےتبرکاً بخاری شریف کا پہلا درس دیا،جس میں حضرت مفتی صاحب نے احادیثِ مبارکہ کے معلمین و متعلمین کا مقام ومرتبہ اور ان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے طلبِ علم اور ہر کام میں تصحیحِ نیت اور اخلاص و للّہیت کی اہمیت پر مختصر اور جامع و فقیہانہ گفتگو فرمائی، اسی ضمن میں اسوہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس پہلو کو بھی اجاگر فرمایا کہ کسی بھی معاملے میں فیصلہ لینے سے پہلے سامنے والےکو وضاحت کا موقع ضرور دیا جائے،بنا تحقیق کے نتیجہ اخذ کرلینا اور ردعمل ظاہر کرنے میں جلد بازی سے کام لینا اکثروبیشتر نقصان اور خسارہ کا ذریعہ بن جاتا ہے ،نیزحضرت مفتی صاحب نے مدرسہ ہذا سے اپنے دیرینہ تعلق اور ادارے کی کارکردگی پر قلبی اطمینان کا اظہار فرماتے ہوئے ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں اور منصوبہ بند تعمیری انداز کو دیکھ کر قلندرانہ لہجہ میں یہ جملہ ارشاد فرمایاکہ اللہ تعالی نے اس ادارے کے حق میں ترقی لکھ دی ہے،
مفتی عبدالحی صاحب(استاذ حدیث مدرسہ ہذا)نےنظامت کے فرائض انجام دئیے اور سرزمینِ قلعہ گولکنڈہ میں طالبات کے لیے مکمل عالم کورس کی ضرورت اور تقاضوں پر روشنی ڈالی،
اس یادگار اور باوقار محفل میں مولانا سید مصباح الدین حسامی صاحب (ناظم مدرسہ گلزار مدینہ )اور دیگر ائمہ کرام وذمہ دارانِ مدارس نے شرکت فرمائی،
حضرت مفتی صاحب کی دعائے مستجاب پر اس بارونق محفل کا حسنِ اختتام ہوا،
نوٹ مدرسہ ہذا کےشعبہ عالمیت(ذکورواناث) میں تاحال داخلے جاری ہیں خواہش مند احباب جلد از جلد رابطہ کریں:
9885348151 /8143471152