حیدرآباد و اطراف

تلنگانہ میں ایمسیٹ امتحان کے انعقاد پر اندرون دو یوم ہوگا فیصلہ، انٹرمیڈیٹ امتحان اپریل یا مئی میں متوقع

حیدرآباد: 19/جنوری (عصر حاضر) تلنگانہ میں ایمسیٹ امتحان کے انعقاد کے بارے میں اندرون دو یوم فیصلہ کیا جائے گا۔ ایمسیٹ کے نصاب اور دیگر اُمور کو حکومت جلد قطعیت دے گی۔ انٹر میڈیٹ اور دیگر امتحانات توقع ہے کہ اپریل یا مئی میں ہوں گے۔اس سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد ہوگا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید عمر جلیل سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نویں جماعت سے اسکولوں اور کالجس کے آغاز کی ہدایت دی ہے۔ یکم فروری سے کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیس کے آغاز کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اسکولوں اور کالجس میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک کا استعمال لازمی رہے گا۔ اس کے علاوہ سماجی فاصلہ اور دیگر کوویڈ گائیڈ لائنس پر عمل آوری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیس کے انعقاد کے سلسلہ میں کالجس علحدہ پلان بناسکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر شفٹ سسٹم کے تحت کلاسیس چلائی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 70 فیصد نصاب پر مشتمل سوالات کے ساتھ امتحانات منعقد کئے جائیں گے جبکہ 30 فیصد نصاب اسائنمنٹ اور پراجکٹس کے ذریعہ مکمل کیا جائے گا۔ تمام اسکولوں اور کالجس کو سرکیولر جاری کیا گیا ہے جس میں گائیڈ لائنس کی وضاحت کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے اسکول اور کالجس کے انتظامیہ کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کلاسیس کے آغاز کے ایکشن پلان کو منظوری دی ہے۔ سید عمر جلیل نے بتایا کہ اسکول اور کالجس میں طلبہ کو سرپرستوں کی جانب سے رضامندی کا مکتوب حوالہ کرنا لازمی رہے گا اس کے بغیر کلاسیس میں شرکت کی اجازت نہیں رہے گی۔ والدین اور سرپرست اگر کلاسیس میں بچوں کو روانہ کرنے کیلئے تیار نہ ہوں تو ان پر کوئی جبر نہیں کیا جائے گا۔ اسکول اور کالجس میں حاضری کی کوئی قید نہیں رہے گی اور فیس کی ادائیگی کے ذریعہ طلبہ امتحان میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ جی او ایم ایس 47 کے تحت اسکولوں کو پابند کیا گیا ہے کہ ٹیوشن فیس کے علاوہ کوئی زائد فیس وصول نہ کریں۔ اگر کوئی اسکول اور کالج اضافی خدمات فراہم کررہا ہے تو اسے واجبی فیس مقرر کرنی چاہیئے۔ زائد فیس کی وصولی کے سلسلہ میں محکمہ تعلیم اور بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سے شکایت کی جاسکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×