شہر حیدرآباد میں بارش کا قہر جاری، عام زندگی شدید متأثر
حیدرآباد: 13/اکتوبر (عصر حاضر) شہر حیدرآباد میں مسلسل بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔ گزشتہ کل وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ چل رہا تھا لیکن آج تسلسل کے ساتھ بلا توقف بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں میں واقع مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ بعض مقامات سے گھروں کے منہدم ہونے دیوارں کے گرجانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ نئے شہر میں نامپلی عابڈز و دیگر علاقوں میں ٹریفک نظام متأثر دیکھا گیا تو پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔ جس سے مکینوں کو کافی دشواریوں کا سامنا ہے۔ ٹولی چوکی کی متعدد کالونیوں میں بارش کا پانی مکانات میں داخل ہونے کے بعد لوگوں کو کشتیوں کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ ٹولی چوکی کے علاقے میں سڑکوں پر پانی کے بہاؤ کی شدت سے پارکنگ میں کھڑی کاریں بہہ گئیں۔ جس کی وجہ سے گلی کوچوں کے راستے مسدود ہوگئے۔ شہر کی بیشتر سڑکیں تالاب کے مناظر پیش کررہی ہیں۔ بعض راستوں پر پانی زیادہ جمع ہونے کے باعث ڈیوائڈر تک نظر نہیں آرہے ہیں۔ موسی رام باغ کی سڑک سے بھی پانی کی وجہ راہ گیروں کا گزرنا دشوار ہوگیا۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر جمع ہوئے پانی میں سے گزرنے والی گاڑیاں فیل ہوگئی۔ اویسی چوراہے سے پھسل بنڈہ تک کا راستہ جہاں فلائی اوور کا تعمیراتی کام چل رہا ہے بہت متاثر ہے۔ یادگیری تھیٹر کے قریب درخت گر جانے سے سواریوں کا گزرنا محال ہوگیا۔ اعظم پورہ فلائی اوور مکمل زیر آب آچکا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سربراہی مسدود ہونے سے عوام بے چین ہوگئی۔ حسین ساگر بھی سطح آب سے اوپر آچکا ہے وہیں حمایت ساگر کے لبریز ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔ حیدرآباد کمشنر پولیس انجنی کمار نے ٹویٹ کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کیا۔ اور عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی۔ آئندہ دو دنوں تک مزید بارش کا امکان ہے حکام کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔