اگلے 72؍گھنٹوں میں ممکنہ شدید بارش کے پیشِ نظر حکام کو چوکس رہنے کمشنر پولیس کی ہدایت
حیدرآباد: 12؍اکتوبر (عصر حاضر) سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے آئندہ 72 گھنٹوں میں شہر میں ممکنہ شدید بارش کے پیش نظر تمام ایس ایچ اوز / اے سی پیز کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ انجنی کمار نے عہدیداروں کو چوکنا رہنے کو کہا ، خاص طور پر موسی ندی کے ساتھ واقع نشیبی علاقے، ٹینک بنڈ ، میر عالم اور دیگر علاقوں میں جہاں عام طور پر گھروں کے ڈوبنے کے مسئلے کی اطلاع ملتی ہے۔ انہوں نے ایس ایچ اوز سے بارش کی نگرانی اور متعلقہ حکام کو شہریوں کو ہونے والی تکلیف کو کم سے کم کرنے کے بارے میں اہم ترین ہدایات دی۔ اور تمام سینئر افسران سے بھی کہا کہ وہ جہاں بھی ضرورت ہو وہاں لوگوں کو ہالوں اور دیگر عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کریں۔ سینئر ٹریفک عہدیداروں سے کہا گیا کہ جہاں بھی ممکن ہو اہم راستوں پر پریشانی سے آزاد ٹریفک کو یقینی بنائیں۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور زمینی سطح کے عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔