تلنگانہ حکومت ائمہ و مؤذنین کا 3 ماہ سے زیر التواء اعزازیہ فوری جاری کرے
حیدرآباد: 17- اپریل (پریس نوٹ) جناب سید منیرالدین احمد مختار جنرل سکریٹری یونائیٹڈ مسلم فورم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے سبب حکومت کی جانب سے جو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے ہے اس دوران حکومت کے اہم ادارے اور اس کے ملازمین مسلسل ایمرجنسی خدمات انجام دے رہے ہیں اور حکومت کی جانب سے ان سرکاری ملازمین کو ترغیبات اور رعایت بھی دی جارہی ہیں۔ دوسری جانب ریاست تلنگانہ کے تقریبا 6ہزار سے زائد مساجد کے ائمہ کرام اور مؤذنین جو پنج وقتہ نمازوں اور جمعہ کی ادائیگی کے ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ ملت اسلامیہ کی جانب سے یہ ائمہ اور مؤذنین نمازوں کی ادائیگی کے ذریعے امت کا حق ادا کر رہے ہیں ایسے میں گزشتہ تین ماہ سے انہیں ان کے اعزازیہ سے محروم رکھنا سراسر ظلم ہے۔حکومت اور ذمہ دارانِ ملت اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے علاوہ مخیر حضرات بھی مستحقین میں اجناس اور امداد تقسیم کررہے ہیں جو قابل تحسین ہے۔ ائمہ اور مؤذنین کو ان کے مرتبہ کے لحاظ سے ان کے گھر پہنچ کر مدد کی جانی چاہئے۔ یونائیٹڈ مسلم فورم کی جانب سے حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود بالخصوص تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ پر لازم ہے کہ وہ ان ائمہ ومؤذنین کا اعزازیہ جو گذشتہ تین ماہ سے زیر التوا ہے فوری طور پر جاری کرے۔