ہریانہ کے عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر میں یکم جنوری سے صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی
ہریانہ: 23؍دسمبر (عصرحاضر) ہریانہ کے وزیر صحت اور وزیر داخلہ انیل وج نے بدھ کو کہا کہ ہریانہ میں یکم جنوری سے جن اہل افراد کو مکمل طور پر ویکسین نہیں لگائی گئی ہے انہیں بھیڑ والی جگہوں جیسے مالز، سنیما ہال، ریستوراں اور اناج منڈیوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سرکاری حکم کے مطابق سرکاری ملازمین سمیت کسی بھی فرد کو مکمل ویکسین کے بغیر سرکاری دفاتر جانے کی اجازت نہیں ہے۔
وج نے کہا کہ ’’ہریان اسمبلی میں یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ویکسین کووڈ۔19 سے سب سے بڑا تحفظ ہے۔ ہریانہ میں بڑی تعداد میں اہل استفادہ کنندگان کو ویکسینیشن کی دوسری خوراک کی اب بھی بڑے پیمانے پر ضرورت ہے۔ وج نے کہا کہ یکم جنوری 2022 سے کسی بھی اہل شخص کو جس نے کووڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں نہیں لی ہیں، اسے مالز، ہوٹلوں، ریستورانوں، شادی محلوں، سنیما ہالوں، دفاتر، بینکوں یا ایسی کسی بھی جگہ پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔
کرون ویرینٹ کے خلاف اقدامات:
وج نے یہ اعلان یہاں ہریانہ ودھان سبھا کے جاری سرمائی اجلاس میں کانگریس ایم ایل اے چرنجیوی راؤ کی طرف سے پیش کی گئی توجہ دلاؤ تحریک کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ راؤ نے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ حکومت نے اومی کرون ویرینٹ کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں۔
وج نے کہا کہ ریاست میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا اور انہوں نے اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ماسک نہ پہننے والوں پر 500 روپے جرمانہ عائد کریں۔ تفصیلی حکم بعد میں ایڈیشنل چیف سکریٹری (صحت) راجیو اروڑہ نے جاری کیا، جس میں ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ یکم جنوری 2022 سے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔
کووڈ۔19 وبا: کمیونٹی کے لیے بڑا چیلنج:
حکم نامے میں میں کہا گیا کہ سب جانتے ہیں کہ کووڈ۔19 وبا نے کمیونٹی کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج کھڑا کیا ہے اور ہر ایک فرد کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ویکسینیشن کی پہلی خوراک 93 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری خوراک ابھی تک 60 فیصد سے پیچھے ہے۔ یہ اعداد و شمار 22 دسمبر تک کے ہیں۔
مستفید ہونے والوں کی ایک بڑی تعداد کووڈ ویکسینیشن کی دوسری خوراک کے لیے کافی عرصے سے واجب الادا ہے۔ مزید یہ کہ کووِڈ کی نئی قسمیں کثرت سے سامنے آ رہی ہیں اور حال ہی میں ملک میں اومی کرون کے کیسز بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کر رہے ہیں۔ موجودہ منظر نامے کو دیکھتے ہوئے کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کو کم کرنے اور ویکسینیشن کی کوریج بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ حکم میں کہا گیا کہ دوسری خوراک کی کوریج ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور دہلی جیسی ریاستوں میں ہریانہ سے بہتر ہے۔