حیدرآباد و اطراف

وزیر داخلہ امت شاہ کا 14؍مئی کو حیدرآباد کا دورہ کریں گے

امت شاہ کو زیب نہیں دیتا کہ وہ سیاح کی طرح تلنگانہ کا دورہ کریں : پی سبیتا اندرا ریڈی

حیدرآباد: 13؍مئی (عصرحاضر) بی جے پی کے سرکردہ قائد و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ہفتہ14مئی کو یہاں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ صدر ریاستی بی جے پی بنڈی سنجے کمار کی دوسرے مرحلہ کی پدیاترا کے اختتام کے ضمن میں یہ جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ ریالی میں شرکت سے قبل امیت شاہ ہفتہ کے روز، شہر کے رامنتا پور علاقہ میں واقع فارنسک سائنس لیباریٹری کا دورہ کریں گے۔
بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقہ تکو گوڑہ میں کل شام پارٹی کا جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے امیت شاہ خطاب کریں گے۔ مرکزی وزیر جی کشن ریڈی جنہوں نے جلسہ کے مقام پر جاری انتظامات کا جائزہ لیا ہے، نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی، تلنگانہ میں برسراقتدار آئے گی۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، 5مئی کو محبوب نگر میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کی تھی۔ ریاست کی تین اہم جماعتیں حکمراں جماعت ٹی آر ایس، اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی، ریاست میں اپنے موقف کو مستحکم بنا رہی ہیں تاکہ مجوزہ اسمبلی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرپائیں۔
ریاستی وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو زیب نہیں دیتا کہ وہ سیاح کی طرح تلنگانہ کا دورہ کریں۔ امیت شاہ 14مئی کو تلنگانہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ امیت شاہ کو چاہئے کہ وہ اپنے دورے تلنگانہ کے دوران پالمورو لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی درجہ دینے، نیز آندھرا پردیش تنظیم جدید ایکٹ کے تحت تلنگانہ کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا اعلان کریں۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی جانب سے امیت شاہ سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ ریاست کے حقوق ومفادات کا تحفظ کرتے ہوئے فنڈس کی اجرائی کو یقینی بنائیں مرکزی حکومت پرشدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے ساتھ دانستہ طور پر امتیازی رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔
کالیشورم پراجکٹ کو قومی درجہ دینے سے گریز کیا جارہا ہے۔ ٹرائیبل یونیورسٹی، ریلوے کوچ فیکٹری کے قیام کے وعدے کو فراموش کردیا گیا۔ اب امیت شاہ ریاست کے دورے پر آرہے ہیں، مگر عوام جاننا چاہتے ہیں کہ وہ تلنگانہ کے لئے کیا اعلان کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے دنیا کے سب سے بڑے لفٹ اریگیشن پرا جکٹ کا لیشورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے ایک پیسہ کی امداد نہیں کی۔
اب قومی درجہ دینے سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرناٹک میں اپر بھدرا پراجکٹ کو قومی درجہ دیا گیا مگر پالمورو لفٹ اریگشین پراجکٹ کو نظر انداز کردیاگیا۔ جبکہ بی جے پی کی عظیم قائد سشما سوراج نے پالمورو لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو سشما سوراج کے وعدے کو پورا کرنا چاہئے۔وزیر تعلیم نے مرکزی حکومت سے دریا کرشنا میں تلنگانہ کے حصہ کا پانی مختص کرنے اور تلنگانہ کے ساتھ انصاف کرنے کی اپیل کی اس کے علاوہ ریاست کیلئے میڈیکل کالجس منظور کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے ساتھ تمام شعبوں میں ناانصافی کرنے کے بعد بھی خاموش نہیں ہے بلکہ پٹرول، ڈیزل اور گیاس کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ملک میں مہنگائی عروج پر ہے۔ اب پیدل یاترا کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing