احوال وطن

حجاب تنازعہ؛ سپریم کورٹ آج اپنا فیصلہ صادر کرسکتا ہے

نئی دہلی: 12؍اکتوبر (عصرحاضر)حجاب تنازعہ پر آج سپریم کورٹ کا فیصلہ صادر کئے جانے کا امکان ہے۔ کرناٹک کے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر امتناع کیس میں سپریم کورٹ آج اپنا فیصلہ سنا سکتا ہے۔ جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس سدھانشودھولیا پر مشتمل بنچ نے کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف داخل کی گئی درخواستوں پر 10 روزہ سماعت کے بعد 22 ستمبر کو اپنا فیصلہ محفوظ کردیا تھا۔ واضح رہے کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب پر امتناع کو برخاست کرنے سے انکار کردیا تھا۔ توقع ہے کہ جمعرات کے روز ان درخواستوں پر فیصلہ سنادیا جائے گا کیونکہ جسٹس گپتا جو بنچ کی سربراہی کررہے ہیں، اتوار کے روز ریٹائر ہونے والے ہیں۔ عدالت عظمیٰ میں بحث کے دوران درخواست گزاروں کے وکیلوں نے زور دے کر کہا تھا کہ مسلم لڑکیوں کو کلاس روم میں حجاب پہننے سے روکنے سے ان کی تعلیم خطرہ میں پڑ جائے گی کیونکہ وہ شاید جماعتوں میں شریک ہونا بند کردیں۔ وکلاء نے ریاستی حکومت کے 5 فروری 2022 کو صادر کردہ فیصلہ کے مختلف پہلوؤں پر سوال اٹھایا تھا۔ اس حکم نامہ کے ذریعہ اسکولوں اور کالجوں میں ایسے لباس پہننے پر پابندی لگادی گئی تھی جن کی وجہ سے مساوات، یکجہتی اور ڈسپلن متاثر ہوتا ہو۔ حجاب کا تقابل ہندوؤں کی جانب سے پہنے جانے والے گھونگھٹ اور بندیوں کے علاوہ سکھوں کی پگڑیوں کے ساتھ کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×