رمضان المبارک کی 27 ویں شب مسجد حرام میں 20 لاکھ فرزندان توحید کی عبادت
مکۃ المکرمہ: 3؍جون (ذرائع) حرمین شریفین پریزیڈنسی کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ 27 رمضان المبارک کی شب تراویح اور قیام اللیل کرنے والے نمازیوں کی تعداد دو ملین سے زاید تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ساتیسویں شب کو مسجد حرام میں عبادت کے لیے روزہ داروں کی آمد کا سلسلہ عصر کے بعد شروع ہو گیا تھا۔ افطاری اور مغرب کی نماز سے قبل مسجد حرام زائرین، معتمرین اور نمازیوں سے کھچا کھچ بھر گئی تھی۔
اس موقع پر نمازیوں کی معاونت اور ان کی سہولت کے لیے 12 ہزار سے زیادہ رضا کار تعینات کیے گئے تھے۔ ہیں جو 24 گھنٹے اپنے اپنے اوقات میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مسجد حرام میں معتکفین اور عمومی نمازیوں کے لیے آب زمزم کے 25 ہزار کولر فراہم کیے گئے جب کہ مسجد نبوی میں 16 ہزار کولر کے ذریعے مکہ سے سیکڑوں میل دور بھی آب زمزم کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مطاف اور مسجد حرام کے بیرونی احاطے کی صفائی کے لیے 4000 افراد پر مشتمل صفائی کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ مسجد حرام میں معتکفین کے لیے 3500 الماریاں فراہم کی گئی ہیں جب کہ مسجد نبوی میں 16 ہزار قالین بچھائے گیئے ہیں۔
مسجد حرام میں معتکفین اور معتمرین کی رہ نمائی کے لیے 11 گائیڈ سروس فراہم کی گئی ہیں جب کی مسجد حرام کے 74 اضافی دروازے کھولے گئے ہیں۔ اس وقت مسجد حرام کے کل کھلے دروازوں کی تعداد 170ہو گئی ہے۔ مسجد نبوی کے 100 دروازے کھولے گئے ہیں۔ مسجد کےاندر ضروری کاموں کے لیے 250 ملازمین تعینات ہیں۔
اس موقع پر حرمین پریذیڈنسی کی ویب سائٹ پر فرزندان توحید کی عبادت میں خشوع وخضوع اور اللہ کے دربار میں گریہ زاری کی پیشہ وارنہ معیار کی حامل تصاویر میں مسجد حرام میں روحانیت اور بیت اللہ الحرام کے حسن وجمال کو نمایاں دیکھا جا سکتا ہے۔ لاکھوں افراد کی موجودگی میں نظم وضبط اور صفوں کی تیاری کے مناظر بھی ان تصاویر کے حسن کو دوبالا کر رہے ہیں۔