خود کو دلہن ظاہر کرکے ایک دھوکہ باز نے لگایا 21؍لاکھ روپیے کا چونا
چنئی: 7؍دسمبر (عصرحاضر) تمل ناڈو کی راجدھانی چنئی کے ایک 39 سالہ شخص نے ازدواجی گھوٹالے میں تقریباً 21 لاکھ روپے گنوا دیئے۔ دراصل اس نوجوان کو ایک مرد نے خود کو دلہن کے طور پر پیش کر کے اس سے ٹھگی کو انجام دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس شخص کا نام عام نہیں کیا ہے، جس کے ساتھ ٹھگی کی گئی ہے۔ پولیس نے سیلم کے دتاتری سری نواسن کو گرفتار کر لیا، جس نے ممکنہ طور پر دلہن کا روپ دھار لیا تھا۔
نونگم بکم پولیس کے مطابق 39 سالہ شخص کے والد نے اپنے بیٹے کا نام شادی کی سائٹ پر درج کرایا تھا کیونکہ اس کی عمر زیادہ ہو رہی تھی۔ ملزم دتاتری سرینواسن نے سائٹ کے ذریعے خود کو عورت ظاہر کرتے ہوئے اس سے رابطہ کیا اور اپنا فون نمبر 39 سالہ شخص کے ساتھ شیئر کیا۔
39 سالہ شخص سے ملنے کے چند دن بعد دتاتری سرینواس نے ایک خاتون کا روپ دھارتے ہوئے اسے بتایا کہ اس کی والدہ اسپتال میں ہیں اور انہیں فوری مالی امداد کی ضرورت ہے۔ اس 39 سالہ شخص نے فوری طور پر رقم اپنے اکاؤنٹ سے منتقل کر دی۔ اتنے پیسے دینے کے بعد بھی ممکنہ دلہن مزید رقم کا مطالبہ کر رہی تھی تب، ہی اس نے پولیس کو اطلاع دی۔
تحقیقات پر پولیس کو پتہ چلا کہ 39 سالہ شخص کو دھوکہ دینے والا شخص دتاتری سری نواس ایک عورت نہیں بلکہ مرد ہے۔ منگل کی شام اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔