آل انڈیا ملی کونسل گریٹر حیدرآباد کی تشکیل
حیدرآباد: 14؍جون (پریس ریلیز)بروز پیر بعد نماز عصرالمعھد العالی الاسلامی میں حضرت مولانا مصطفی رفاعی صاحب (قومی اسسٹنٹ جنرل سکریٹری) کی سرپرستی اور حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی رہنمائی میں ایک تشکیلی میٹنگ ہوئی،جس میں مفتی عمر عابدین قاسمی ومدنی (جنرل سکریٹری ملی کونسل تلنگانہ) نے آل انڈیا ملی کونسل کے قیام اور مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوۓ کہا کہ آل انڈیا ملی کونسل مسلمانان ہند کے ایک مشترکہ ومتحدہ پلیٹ فارم ہے، 1993ء میں مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی سرپرستی اور فقیہ النفس حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام صاحب رحمۃ اللہ علیہ کی تحریک پر اس کا قیام عمل میں لایا گیا،اس کی تشکیل ان مقاصد کے ساتھ ہوئی کہ: ملت کو متحد کیا جائے ، دینی و دعوتی شعور پیدا کیا جائے، خیر امت کا کردار ادا کیا جائے، ملت کے معاشی استحکام ،معاشرتی و سماجی اصلاح اور تعلیمی بیداری کے لیۓ جدوجہد کی جائے، نیز مسلمانوں کو سیاسی واجتماعی حیثیت سے باوزن وباوقار بنانے کے لئے ٹھوس ومثبت اقدامات کیے جائیں۔
ملی کونسل ان مقاصد کو پانے کےلیے روز اول سے جدوجہد کر رہی ہے، ملک کی مختلف ریاستوں میں کونسل کی سرگرمیاں جاری ہیں، ریاست تلنگانہ میں کونسل کے کام کو مضبوط بنانے اور مشترکہ ملی مفادات کو حاصل کرنے کےلیے گریٹر حیدرآباد شاخ کا آغاز کیا جارہا ہے۔
مفتی عابدین نے وضاحت کی کہ ملی تنظیمیں باہم رفیق ہیں نہ کہ رقیب، اور حالات کی سنگینی کے پیش نظر یہ باہمی اشتراک و تعاون پہلے سے زیادہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ یہ بات ناقابل انکار ہے کہ ملت کی شیرازہ بندی اور تعمیر و ترقی کےلیے ملی تنظیموں اور تحریکوں کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔
میٹنگ میں سرپرستِ کی حیثیت سے جناب ظفر مسعود صاحب کا نام طے پایا، مفتی احمداللہ نثار صاحب قاسمی صدر، ڈاکٹر نظام الدین صاحب جنرل سکریٹری، جناب مولانا نوشاد اختر ندوی صاحب، جناب ڈاکٹر مصباح الدین صاحب اور جناب عبد المجیب خان صاحب سکریٹریز منتخب ہوئے۔ اور مولانا عثمان بیگ قاسمی صاحب معاون جنرل سکریٹری کی حیثیت سے باتفاق راۓ منتخب ہوئے۔
اس میٹنگ میں طئے کیاگیا کہ ملی کونسل ترجیحی بنیاد پر دینی و عصری تعلیم، اتحاد ملت، دعوت دین اور نوجوانوں کی قائدانہ تربیت جیسے دائروں میں کا۔ کرے گی۔
واضح رہے کہ آل انڈیا ملی کونسل کی قیادت قومی سطح کے ممتاز اہل علم و دانشور کو رہے ہیں، حضرت مولانا عبد اللہ مغیثی صاحب صدر، جناب ڈاکٹر منظور عالم صاحب جنرل سکریٹری، حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب، مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب، مولانا یسین مصباحی صاحب و دیگر اس کے نائب صدور ہیں۔
آخر میں سرپست میٹنگ حضرت مولانا شاہ مصطفی رفاعی صاحب کی نصیحت اور دعا پر میٹنگ اختتام کو پہنچی