احوال وطن

اُردو کے نامور نقاد درجنوں کتابوں کے مصنف پروفیسر گوپی چند نارنگ کا امریکہ میں انتقال

نئی دہلی : اردو کے نامور نقاد پروفیسر ڈاکٹر گوپی چند نارنگ کا امریکہ میں انتقال ہوگیا ہے ۔ ڈاکٹرگوپی چند نارنگ نے ادب، شاعری، تنقید اور ثقافتی علوم پر درجنوں کتابیں تصنیف کی ہیں ۔ ان کی تصنیفات کی دیگر زبانوں میں بھی ترجمے کیے گئے ۔ ڈاکٹر گوپی چند نارنگ نے 91 برس کی عمر میں امریکہ میں آخری سانس لی ۔
پروفیسر گوپی چند نارنگ کو عہد حاضر کا صف اول کا اردو نقاد، محقق اور ادیب مانا جاتا ہے۔ گو کہ پروفیسر گوپی چند نارنگ دہلی میں مقیم تھے مگر اردو کے جلسوں اور مذاکروں میں شرکت کرنے کے لیے وہ ساری دنیاکا سفر کرتے تھے اور انہیں سفیر اردو کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
پروفیسر گوپی چند نارنگ کو ہندوستان میں پدم بھوشن کا خطاب مل چکا ہے جبکہ انہیں پاکستان میں بھی متعدد انعامات اور اعزازات سے نوازا گیا ہے۔ چند ماہ قبل تک وہ ساہتیہ اکادمی کے صدر کے عہدے پر فائز تھے۔
خیال رہے کہ گوپی چند نارنگ 11 فروری 1931 کو ڈکی، زیریں پنجاب میں پیدا ہوئے تھے ۔ پروفیسر نارنگ نے بچپن کوئٹہ میں گزارا۔ انہوں نے 1954 میں یونیورسٹی آف دہلی سے اردو میں ایم اے اور اسی جامعہ سے 1958 میں لسانیات میں پی ایچ ڈی کی اسناد حاصل کیں۔
گوپی چند نارنگ نے 1957 میں سینٹ اسٹیفینس کالج، دہلی میں لیکچرر کے طور پر پڑھانا شروع کیا اور 1995 تک دہلی یونیورسٹی میں پروفیسر کے طور پہ تدریس سے وابستہ رہے۔
پروفیسر گوپی چند نارنگ کی کتابوں میں پینسالیس اردو میں، بارہ انگریزی میں اور سات ہندی میں لکھی گئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×