دہلی کے شاہین باغ میں خاتون مظاہرین کا انوکھا احتجاج
نئی دہلی: 12/فروری (ذرائع) قومی شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف دہلی کے شاہین باغ میں تقریبا دو مہینے سے جاری احتجاجی مظاہرے میں خاتون مظاہرین نے منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر خاموش مظاہرہ کیا اور کہا کہ ان کی کسی پارٹی سے کوئی وابستگی نہیں ہے بلکہ وہ اس سیاہ قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہیں۔
شاہین باغ خواتین مظاہرہ میں کل اسٹیج سے نہ کوئی تقریر ہوئی اور نہ ہی کوئی پروگرام ہوا۔ سب نے خاموش ہوکر سبھی پارٹیوں سے اپنی برات کا اظہار کیا۔
وہاں ایک بورڈ آویزاں کردیا گیا تھا جس پر لکھا تھا ”آج خاموش دھرنا ہے، آپ سب لوگ خاموش رہیں، ہمارا موضوع سی اے اے، این آر سی اور این پی آر ہے، ہم کسی پارٹی کی حمایت نہیں کرتے“۔
اس کی وجہ سے ہر طرف خاموشی رہی اورکوئی نعرہ بھی نہیں لگا۔ شاہین باغ مظاہرہ گاہ میں دوبارہ بنا انڈیا گیٹ کا ماڈل، ہندوستان کا نقشہ اور لائبریری کے قریب مختلف گروپ نکڑ ناٹک‘ نغمے، ترانے اور نعرے لگاتے نظر آئے۔
خاتون مظاہرین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا موضوع کوئی پارٹی یا سیاست نہیں ہے بلکہ ہم لوگ قومی شہریت (ترمیمی) قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہیں۔
آج اس لئے بھی خاموش مظاہرہ رکھا گیا تاکہ کوئی دہلی الیکشن میں فتح و شکست کی بات نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ہم اپنے موضوع کے ہی ارد گرد رہنا چاہتی ہیں۔
اس کے علاوہ خاتون مظاہرین نے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں طلبہ و طالبات پر اور تغلق آباد میں خاتون مظاہرین کی حمایت میں بھی منہ پر سیاہ پٹی باندھ کر مظاہرہ کیا گیا ہے اوراس طرح ہم نے ان خواتین اور طلباء و طالبات کے تئیں اظہار یکجہتی کیا ہے۔