کل سے ملک گیر سطح پر کووڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم کا ہوگا آغاز‘ مرکزی حکومت نے جاری کی گائڈ لائن
نئی دہلی: 15؍جنوری (عصرحاضر) ملک بھر میں کل یعنی 16؍جنوری ہفتہ کے دن سے کورونا وائرس کے ٹیکے لگانے کا آغاز ہوگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی 16 جنوری کو ملک گیر سطح پر کووڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کریں گے۔ سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں ٹیکوں کی ڈوز بھیج دی گئی ہیں۔ ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی کووی شیلڈ ویکسین اور بھارت بائیوٹیک کی کو ویکسین کو ہندستان میں ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی 16 جنوری کو صبح 10.30 بجے ویڈیو کانفرنس کے توسط سے ملک گیر سطح پر کووڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم کا آغاز کریں گے۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم ہو گی۔ اس پروگرام سے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے 3006 مقامات ڈیجیٹل کے ذریعہ جڑیں گے اور ہر مرکز پر 100 لوگوں کو ٹیکہ لگایا جائے گا۔ ویکسین کو لے کر حکومت نے رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔
کووی شیلڈ ویکسین اور کو ویکسین کی قیمت ہندستان میں 200-295 روپئے ہو گی۔ حکومت نے ابھی تک 1.65 کروڑ روپئے کی ویکسین سبھی ریاستوں کو بھیج دی ہے۔ پہلے مرحلے میں صحت کارکنان کو ویکسین کی ڈوز دی جائے گی۔
صحت وزارت نے ریاستوں کو مکتوب لکھ کر کہا ہے کہ ویکسین کی ڈوز صرف 18 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو لگے گی۔ اس کے علاوہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویکسین کو بدلا نہیں جائے گا۔ یعنی دونوں ڈوز ایک ہی کمپنی کی ہو گی۔
مرکزی وزارت صحت نے دونوں ٹیکوں کی ٹیکہ کاری کے بعد ہلکے سائڈ ایفیکٹس کے بارے میں بھی بتایا ہے۔ کووی شیلڈ کے ڈوز کے انجیکشن لگنے کی جگہ پر تھوڑا درد ہو سکتا ہے۔ سر درد اور تھکان بھی ہو سکتی ہے۔