ہندوستان میں بین الاقوامی پروازوں پر پابندی میں 31؍جنوری تک توسیع
نئی دہلی: 30؍دسمبر (عصرحاضر) دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے قہر کے پیش نظر حکومت ہند نے بین الاقوامی پروازوں پر لگی روک کی مدت میں 31 جنوری 2021 تک توسیع کردی ہے ۔ تاہم یہ روک اسپیشل فلائٹس اور انٹرنیشنل ایئر کارگو پر لاگو نہیں ہوگی ۔ ڈی جی سی اے نے بدھ کو یہ جانکاری دی ۔ ڈی جی سی اے نے کہا کہ حالانکہ معاملہ در معاملہ کی بنیاد پر مجاز افسر چنندہ راستوں کیلئے اڑانوں کی اجازت دے سکتے ہیں ۔
کورونا وائرس وبا کی وجہ سے 23 مارچ سے بین الاقوامی پروازیں معطل ہیں ۔ حالانکہ وندے بھارت اور ایئر ببل انتظامات کے تحت مئی سے کچھ ممالک کیئے مخصوص بین الاقوامی اڑانوں کی اجازت ہے ۔ ہندوستان نے امریکہ ، برطانیہ ، سعودی عرب ، کینیا ، بھوٹان اور فرانس سمیت 24 ممالک کے ساتھ ایئر ببل سمجھوتہ کیا ہے ۔
برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی میں 7 جنوری تک توسیع
کووڈ 19 وائرس کے نئے اسٹرین کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی 7 جنوری 2021 تک بڑھا دی گئی ہے ۔ شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے بدھ کے روز ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر عائد عارضی پابندی کو 7 جنوری تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے بعد ، آہستہ آہستہ پرواز شروع کردی جائے گی ، جس کے بارے میں بعد میں اطلاع دی جائے گی۔