سوشل میڈیا پر فرضی فتویٰ وائرل ہونے سے مہتمم دارالعلوم دیوبند سخت نالاں
دیوبند: 30؍ نومبر(سمیر چودھری) معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب صادق کے نماز جنازہ میں شامل ہونے والوںکے لئے تجدید نکاح کا فتویٰ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر دارالعلوم دیوبندنے سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اس قسم کی فرضی خبریں چلانے والے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی مانگ کی ہے۔اس سلسلہ میں آج دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنے بیان میں کہاکہ سازش کے تحت اس قسم کی خبریں چلاکر دارالعلوم دیوبند کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے جبکہ دارالعلوم دیوبند سے اس طر ح کا کوئی بھی فتویٰ جاری نہیں کیاگیاہے۔سوشل میڈیا پر دارالعلوم دیوبند کے فتویٰ سے منسوب کرکے ایک خبر چلائی گئی ،جس میں کہاگیاہے کہ مولانا کلب صادق کے نماز جنازہ میں شامل ہونے والے افراد کو تجدید نکاح کراناہوگا۔ مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اس خبر پر اپنے شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دیوبند کے دارالافتاء سے اس قسم کا کوئی بھی فتویٰ جاری نہیںکیاگیاہے۔ سوشل میڈیا پر سازش کے تحت من گڑھت طریقہ سے جھوٹی خبر چلائی گئی،جس کا دارالعلوم دیوبند سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے ادارہ کے نام سے منسوب کرکے جھوٹی خبر چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کی ہے ۔واضح رہے اس سے قبل بھی دارالعلوم دیوبند سے منسوب کرکے دیگر افراد بیانات اور اپنی رائے بشکل فتویٰ دیتے رہتے ہیں،جس پر اکثر و بیشتر دارالعلوم دیوبند کی جانب سے کو ئی خاص نوٹس نہیں لیا جاتاہے ،جس کی وجہ سے اس کا سلسلہ دراز ہوتا جارہاہے۔