ریاست و ملک

مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی علیہ الرحمہ کی حیات وخدمات پرکتاب کی اشاعت

دیوبند،27؍جون (سمیر چودھری) مفسرقرآن مولانا مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی ؒ(مفتی اعظم دارالعلوم وقف دیوبند) اس دور کی ایک عبقری شخصیت تھے۔آپ کی خدمات کا دائرہ ملکی حدوں کو پار کرکے بین الاقوامی سطح پر پہنچ گیا تھا۔مفتی صاحب کی حیات اورخدمات پرایک کتاب بعنوان ’’مفتی فضیل الرحمن ہلال عثمانی:زندگی کے تابندہ نقوش‘‘ منظرعام پرآگئی ہے۔ کتاب میں مفتی صاحبؒ کی علمی،دینی اورفقہی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے اور ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی ہے۔ 554 صفحات کی یہ کتاب ملک اوربیرون ملک کے اکا برعلمائے کرام اور نامور شخصیات کے مقالات کامجمو عہ ہے جس میں مفتی صاحبؒ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ دارالسلام اسلامی مرکز مالیرکوٹلہ کی شائع کردہ اس کتاب کے آن لائن ایڈیشن کا اجراء دہلی میں ایک سادہ تقریب میںکیا گیا۔ کتاب کی ہارڈکاپی چندروز بعدعمومی طور پردستیاب ہوجائے گی۔کتاب کے مرتب مولانا طارق عمیرعثمانی، ڈائرکٹر دارالسلام نے بتایا کہ حالات کی ناسازگاری کے سبب اس وقت کوئی تقریب منعقد نہیں کی جاسکی تاہم مفتی صاحبؒ کی شخصیت اوران کی خدمات پرایک سیمینار دسمبرمیں دہلی میں منعقد کیا جائے گا۔ سیمینار کی حتمی تاریخوں کا اعلان حالات کو مدنظررکھ کرکیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دیوبند ، حیدرآباد اور کئی دوسرے شہروں سے مفتی صاحبؒ پر سیمینار منعقدکرنے کی پیش کشیں ہورہی ہیں، حالات سازگارہوجانے کے بعد ان پروگراموں کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مذکورہ کتاب میں حضرت مفتی صاحب کی وہ آخری تحریربھی شامل ہے جو آپ نے پنجاب میںنصف صدی پر محیط اپنے قیام کے حوالے سے اہلیانِ پنجاب کے لئے مرض الوفات میں پیغام کی شکل میں لکھوائی تھی اور اپنے کردار و اخلاق کی عظمت کے نقوش ثبت کئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×