احوال وطن

دارالعلوم دیوبند پہنچے سوامی دھرم بندھو نے ڈائیلاگ پر دیا زور،کہاکہ مسلمان کے بغیر مکمل ہندوستان کا تصور نہیں کیا جاسکتا

دیوبند،14/ جنوری(سمیرچودھری) ویدک مشن ٹرسٹ گجرات کے سربراہ اور معروف مذہبی پیشواسوامی دھرم بندھو نے ملک و سماج کے حالات پر تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ اس وقت غلط فہمیاں دور کرنے کے لئے ڈائیلاگ کا دور شروع کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ مذاکرات ہی غلط فہمیوں کو دور کرسکتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں امن وامان قائم ہواور دیش ترقی کی جانب گامزن ہو۔ سوامی دھرم بندھو نے کہاکہ ملک کے موجودہ حالات نہایت خراب ہیں اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس صورت حال کا مقابلہ کیاجائے۔ سوامی دھرم بندھوآج دارالعلوم دیوبند پہنچے اور ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی،نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی اور نائب مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلی سے ملاقات کی۔انہوں نے کہاکہ وہ دارالعلوم دیوبند پہلے بھی آچکے ہیں لیکن اس مرتبہ خیرسگالی کا پیغام لیکر آئے ہیں۔ انہوں نے فرقہ پرست عناصر کی سرگرمیوں پر اظہا ررائے کرتے ہوئے کہاکہ جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ نفرت کی سیاست سے ملک کو آگے لے جایا جاسکتاہے وہ غلطی پر ہیں، انہوں نے دوران گفتگو کہاکہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کو زور دیتے ہوئے کہاکہ تھا کہ مسلمانوں کے بغیر مکمل ہندوستان کاتصور نہیں کیا جاسکتا۔ مسلمان اس ملک کی خوبصورتی اور شان ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت فرقہ واریت کا دور دورہ ہے اور غلط فہمیاں پھیلی ہوئی ہیں،اسلئے تمام ذمہ داران کا قومی و اخلاقی فریضہ یہ کہ وہ ڈائیلاگ شروع کریں اور باہمی گفت وشنید کے ذریعہ غلط فہمیوں کو ازالہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند جیسے بااثر ادارے اس میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ سوامی دھرم بندھو نے دارالعلوم دیوبند کی قومی و ملی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم دیوبند نے ملک کی آزادی میں حصہ لیا ہے اور امن پسند شہری اس ملک کو دیئے ہیں۔اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے سوامی دھرم بندھو کو اسلام کے ذریعہ دی جانے والی انسانی تعلیمات اور دارالعلوم دیوبند کے منشور اور طرز تعلیم کے بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم علم کی روشنی تقسیم کرتے ہیں لیکن اس کو فروخت نہیں کرتے اور حکومت سے کسی قسم کی امداد بھی نہیں لیتے ہیں،حصول ہشتگانہ کے سلسلہ میں ان کو بتایاگیا تو سوامی دھرم بندو نے کہاکہ ویدک مشن بھی اسی قسم کے اصولوں پر کاربند ہے۔ شعبہ انگریزی کے استاذ مولانا عبدالمالک نے ان کو دارالعلوم دیوبند کی لائبری اور دیگر تعمیرات دکھائیں،اس دوران انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے طلبہ سے بھی ملاقات کی۔ دوران گفتگو انہوں نے انسانی اقتدار کو فوقیت دینے پر زور دیا۔ اس دوران انہوں نے احاطہ دارالعلوم دیوبند کامعائنہ کرتے ہوئے نہایت مسرت کا اظہار کیا۔

Related Articles

One Comment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×