احوال وطن

لوہردگا کے فساد متاثرین کوامارت شرعیہ کی جانب سے مالی مدد

لوہردگا : 14؍جنوری (پریس ریلیز) انسانیت کی خدمت اور بوقت ضرورت ان کے کام آنا ہر مذہب کی تعلیم ہے جسے تحسین کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ؛ لیکن دین اسلام نے انسانی خدمات کو عظیم عبادت قرار دیا ہے ؛ محتاجوں اور غریبوں کی دلجوئی اور ضرورت مندوں کی مدد دین اسلام کی بنیادی تعلیم میں شامل ہے، امارت شرعیہ نے اسلام کی اس بنیادی تعلیم کو عملی طور پر زمین پر اتارا ہے اور خدمت خلق کے میدا ن میں اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے ، ہر مصیبت میں مظلوم اور پریشان حال لوگوں کے ساتھ کھڑ ارہنا اور بلا تفریق مذہب و ملت مصیبت زدگان کے کام آنا امارت شرعیہ کی خاص پہچان ہے۔خواہ آفت سماوی ہو ، یا زمینی مصیبت ، فرقہ وارانہ فساد ہو یا کوئی اور المیہ ،مظلوموں کی مدد کرنے اور ان کے کام آنے میں امارت شرعیہ سب سے آگے نظر آتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے لوہردگا فساد متاثرین کے لیے بیت المال امارت شرعیہ سے مالی تعاون ارسال کرتے ہوئے کیا۔

سال گزشتہ23جنوری کو شہر لوہردگا میں سی اے اے اور این آر سی کی حمایت میں نکالے گئے جلوس میں شرپسندوں نے مسلمانوں کی متعدد دکانوں کو نذرآتش کردیاتھا، جس کی بنائ پر مسلمانوں کا کروڑوں کا مالی نقصان ہوا،حادثہ کے فورا بعد امارت شرعیہ لوہردگا کے قاضی شریعت اور تنظیم امارت شرعیہ لوہردگا کے صدر و سیکریٹری وذمہ داران نے جائے حادثہ پر پہونچ کر متاثرین کو تسلی دی اور انہی ہر طرح کی مدد کرنے کا یقین دلایا۔ کچھ دنوں پہلے ان متاثرین کی تفصیلات مرکزی دفتر پہونچی تو قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے پوری دل چسپی کے ساتھ مظلوموں کو انصاف دلانے کی کوشش کی ساتھ ہی ، امارت شرعیہ سے مالی مدد کا وعدہ بھی کیا اور یہ تفصیلات مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم امیر شریعت بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی خدمت میں پیش کی گئیں۔ چنانچہ حضرت امیر شریعت مدظلہ کے حکم سے بیت المال امارت شرعیہ سے بیس(20) متاثرین کو چیک کی شکل میں دو لاکھ چالیس ہزار روپئے کی رقم بطور امداد دی گئی؛ دفتر امارت شرعیہ سے متاثرین کے نام چیک جاری کیا گیا اور مورخہ 14 جنوری2021 کو امارت شرعیہ کے وفد نے متاثرین سے ملاقات کرکے چیک ان کے حوالے کیا ،وفد میں مفتی نذر توحید مظاہری قاضی شریعت چترا ، مفتی قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ پٹنہ ، مفتی انور قاسمی امارت شرعیہ رانچی، مولانا عمر فاروق صاحب قاضی شریعت لوہر دگا شامل تھے ، امارت شرعیہ کی اس پہل پر جہاں متاثرین کو راحت ملی، وہیں علاقہ کے لوگوں میں اس کا اچھا اثر دیکھنے کو ملا ، موقع پر سکریٹری حاجی سجاد خان ، جوائنٹ سیکرٹری حافظ محمد عمران ، حاجی محمد نعیم ،حاجی محمد لقمان ،مولانا زاہدندوی، مولانا امین ، مولانا پرویز، مولانا سراج وغیرہ موجود تھے ، اس موقع پر ایک مختصر سی دعائیہ نشست بھی ہوئی، جس میں امارت شرعیہ لوہردگا کے صدر و سیکریٹری اور ذمہ داران نے حضرت امیر شریعت اور قائم مقام ناظم کا شکریہ ادا کیا ، مفتی نذر توحید قاضی شریعت چترا کی دعا پر اس دعائیہ نشست کا اختتام ہوا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×