احوال وطن

مولاناقاضی سمیع الدین قاسمی کی رحلت پر مرکزی دفترامارت شرعیہ میں تعزیتی نشست

پھلواری شریف: 26؍دسمبر (پریس ریلیز) مرکزی دفترامارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں جناب مولانا قاضی سمیع الدین صاحب قاضی شریعت دارالعلوم بسوریادیوراج مغربی چمپارن کے انتقال پر تعزیتی نشست کا انعقاد قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی کی صدارت میں ہوا،مجلس کا آغاز مولانا محمد اسعداللہ قاسمی کی تلاوت سے ہوا،قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی نے مولانا مرحوم کی حیات وخدمات کاتعارف کراتے ہوئے فرمایاکہ مولاناسمیع الدین قاسمی امارت شرعیہ کے پرانے قضاۃکی ایک یادگارتھے،لامبے عرصہ سے منصب قضاء پر فائز رہے،مولانانیک اورصالح عالم تھے، امارت شرعیہ اوران کے بزرگوں سے والہانہ محبت رکھتے تھے ،امارت شرعیہ کو ملت اسلامیہ کی ضرورت سمجھتے اوراس باوقار ادارہ کے لئے تادم آخر کام کرتے رہے،ان کا عہدقضاء کئی دہائی پر محیط ہے،انتقال کے وقت تک وہ قضاء کی خدمت انجام دے رہے تھے، وہ ایک بافیض استاذبھی تھے ،جن کے قریب اوردور ہزاروں شاگردوں کی ایک فہرست ہے،ان کی شخصیت اس حلقہ کیلئے خاص طورسے غنیمت تھی ،انہوں نے دین متین کی دعوت وتبلیغ درس وتدریس کی خدمت انجام دی ،انہوں نے امارت شرعیہ کے قاضی شریعت ہونے کی حیثیت سے لوگوں کے پیچیدہ معاملات کاشرعی حل نکالا اور ان کاتصفیہ کرکے سیکڑوں خاندان کو برباد ہونے سے بچایا، لوگوں کے دلو ں میں اللہ نے ان کی مقبولیت عطاکی تھی ، آج وہ ہمارے درمیان نہیں رہے، اس حادثہ سے امارت شرعیہ کا بھی نقصان ہوا،ان کے اہل خانہ کی طرح امارت شرعیہ کے ارکان وذمہ داران اورپوراعملہ سوگوار ہیں،حضرت امیر شریعت مفکراسلام مولاناسید محمد ولی رحمانی صاحب دامت برکاتہم نے بھی اس حادثہ پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اورآخرت میں ترقی درجات کی دعا فرمائی۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اورجملہ وارثین کو صبر جمیل عطا کرے۔اس تعزیتی مجلس میں امارت شرعیہ کے نائب ناظم مولانامفتی محمد ثناء الہدی قاسمی نے کہاکہ مولاناسادگی پسنداورمتواضع عالم دین تھے،ایسے لوگوں کا ہمارے درمیان سے اٹھ جانا ایک بڑا خسارہ ہے،تعزیتی نشست میں امارت شرعیہ کے صدر مفتی جناب مولانامفتی سہیل احمد قاسمی،مفتی امارت شرعیہ مولانامفتی سعیدالرحمن قاسمی صاحب ،مولاناانظارعالم قاسمی نائب قاضی شریعت امارت شرعیہ،جناب مولانااحمد حسین قاسمی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ،جناب مولانانصیرالدین مظاہری،مولانامجیب الرحمن قاسمی ،مولانامطیع الرحمن شمسی ودیگرذمہ داران وکارکنان شریک تھے۔آخر میں مولاناسہیل احمد قاسمی مفتی امارت شرعیہ کی دعاپر مجلس اختتام ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×