نسل نو کے ایمان و عقائد کے تحفظ کے لیے مکاتب کا قیام انتہائی ناگزیر: مفتی ابو القاسم نعمانی
بنارس: 7؍دسمبر (پریس ریلیز) بتاریخ 6 دسمبر 2021 بروز سوموار بعد نماز مغرب مسجد بلال مالتی باغ بنارس میں دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء بنارس کے زیر اہتمام چلنے والے مکاتب کے بچوں کا ایک جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت ہم سب کے مخدوم و محترم حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم صاحب نعمانی شیخ الحدیث و مہتمم دارالعلوم دیوبند و کل ہند صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند نے فرمائی۔ جلسہ میں دینی تعلیمی بورڈ بنارس کے تحت چلنے والے مکاتب کے بچوں نے تلاوت، حمد، نعت، سوال و جواب، صبح و شام کی مسنون دعائیں اور مختلف مواقع کی سنتوں پر مشتمل پروگرام پیش کیے۔ بعدہٗ صدر جلسہ حضرت مہتمم صاحب دامت برکاتہم نے حاضرین مجلس کو خطاب کیا۔ حضرت نے اپنے خطاب میں اُن کے اساتذہ، ذمہ داران مکاتب اور بچوں کے سرپرست حضرات کو مبارکباد پیش کی جن کی اجتماعی محنتوں کا یہ نتیجہ ہے۔ حضرت نے فرمایا کہ نسل نو کے ایمان و عقائد کا تحفظ ہمارا اولین فریضہ ہے جس کے لیے بستی بستی قریہ قریہ مکاتب کا قیام انتہائی ناگزیر ہے۔ ہر ہر بچوں کے اندر کچھ نہ کچھ صلاحیت چھپی ہوتی ہے جس میں نکھار لانے کی ضرورت ہے۔ حضرت کی دعا پر ہی جلسہ کا اختتام ہوا جس کے بعد موجود بچوں کو اُن کے ششماہی امتحان کا رزلٹ حضرت مہتمم صاحب کے ہاتھوں تقسیم کیا گیا۔
واضح ہو کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء بنارس کے ماتحت ضلع بنارس میں 17 مکاتب چل رہے ہیں جس میں 521 بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جلسہ میں صدر جلسہ کے علاوہ حاجی ابوالہاشم صاحب صدر جمعیۃ علماء بنارس، مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بنارس، مولانا ابو عمیر صاحب نعمانی صدر دینی تعلیمی بورڈ بنارس، مولانا ریاض احمد صاحب قاسمی سیکریٹری دینی تعلیمی بورڈ بنارس، حافظ عبید اللہ صاحب ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء اترپردیش مشرقی زون، مولانا ابو شحمہ صاحب نعمانی خازن جمعیۃ علماء اترپردیش مشرقی زون اور دیگر مقامی احباب نے شرکت فرمائی۔