احوال وطن

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف بہار کے تمام اضلاع میں کل جماعتی دھرنا 15؍فروری کو:مولانا محمد شبلی القاسمی

پٹنہ: 13؍فروری(عادل فریدی)
امارت شرعیہ پھلواری شریف کے زیر اہتمام شہر پٹنہ کے ائمہ مساجد کی ایک خصوصی نشست قائم مقام ناظم حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب کی صدارت میں بمقام دفتر امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ میں منعقد ہوئی، جس میں شہریت ترمیمی قانون این پی آر، این آر سی اور سی اے اے کے خلاف جاری ملک گیر تحریک کو قانون کی واپسی تک پوری قوت کے ساتھ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقعہ پر اپنے صدارتی خطاب میں مولا نا محمد شبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے فرمایا کہ سی اے اے قانون شہریت چھیننے والا قانو ن ہے اور اس سے تمام مذاہب اور ادیان کے لوگ متاثر ہوں گے،شہریت دینے کا قانون اس ملک میں پہلے سے موجود ہے ،سی اے اے کا قانون ملک کے لوگوں سے شہریت چھیننے کا منصوبہ ہے ،تو اس نئے کالے قانون کے ذریعہ خاص کر ملک کے ایسے باشندے جن کے کاغذات نامکمل ہیں اور وہ طبقہ جو سیاسی سماجی اور معاشی اعتبار سے کمزور ہیں انہیں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے گا ،اس لئے ہمارے مخدوم حضرت مولانا محمد ولی رحمانی امیر شریعت امارت شرعیہ نے روز اول سے اس قانون کے خلاف عوام کو بیدار کیا اور بڑی فکر مندی کے ساتھ سیاسی پارٹیوں کو جوڑا ان کوششوں کے نتیجہ میں ہم لوگوں کا انسانی زنجیر،بھارت بند اور متعدد دھرنے کامیاب ہوئے ۔ہمارے ائمہ کرام بھی پوری دل جمعی کے ساتھ اس تحریک کو منظم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب ۱۵؍فروری ۲۰۲۰ء کو پورے بہار کے تمام اضلاع میں یک روزہ دھرنے کا اہتمام مختلف پارٹیوں کی طرف سے کیا گیاہے،پٹنہ میں بھی اس وقت کالے قانون کے خلاف ہم سب لوگ متحد ہیں، گاندھی میدان میں گاندھی جی کی مورتی کے پاس یک روزہ دھرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس میں پٹنہ کے لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگی ،اس کو کامیاب بنانے کے لئے آپ حضرات اپنی اپنی سطح سے کوشش کریں،مولانا محمد عالم قاسمی صاحب امام وخطیب جامع مسجد دریا پور نے امارت شرعیہ کی اس تحریک کو وقت کی ضرورت بتلاتے ہوئے اس کو قوت بہم پہونچانے پر زوردیا۔ مولانا مفتی محمد ثنا ء الہدی قاسمی نائب ناظم نے کہا کہ اس تحریک سے برادران وطن بھی آہستہ آہستہ جڑ رہے ہیں ہم لوگ ان کو قریب کرنے کی کوشش کریں۔مولانا سہیل احمد ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ نے جمعہ کے خطبات میں سی اے اے جیسے کالے قانون کے مضر اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی جانے کی تجویز رکھی،مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی امارت شرعیہ نے کہا کہ امارت شرعیہ کی قیادت سے یہ تحریک زوروں پر جاری ہے اور بہار کے مختلف اضلاع کے قضاۃ حضرات فکر مندی کے ساتھ احتجاجی مظاہروں کو منظم کر رہے ہیں ۔مولانا محمد شاہد ندوی نے کہا کہ مر کزی مقامات کے دھرنوں میں علماء کرام کو ضرور شرکت کرنی چاہئے تاکہ لوگوں کے اندر ہمت وحوصلہ بڑھے ۔مولانا نیاز احمد صاحب ،مولانا معین الدین قاسمی، مولانا عبد الستار قاسمی کے علاوہ دیگر ائمہ کرام نے برادران وطن کو بھی اس کالے قانون کے نقصاندہ پہلو سے پوری طرح واقف کرایا جائے، تاکہ ان کی غلط فہمیاں دور ہوسکیں اس سلسلہ میں اخبارات میں بھی اس پہلو پر مضامین شائع کرانے کی کوشش کی جائے ۔
آج کا یہ اجلاس شہر پٹنہ کے تمام باشندوں سے استدعا کرتا ہے کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ہو رہے ۱۵؍فروری ۲۰۲۰ء کو گاندھی میدان پٹنہ میں گاندھی مجسمہ کے سامنے دن کے ۱۰ بجے سے ۳؍بجے تک یک روزہ دھرنے میں شرکت کریں اور اس کے ذریعہ ملک اور دستور مخالف قانون کو کالعدم قرار دینے کا اعلان کریں۔نیز ائمہ مساجد جمعہ کے خطبات میں اس موضوع پر تفصیلی گفتگو کریں۔
ہندی اور انگریزی کے اخبارات میں بھی اس کالے قانون کے ہر پہلو پر مضامین لکھوائیں اور شائع کرایا جائیں،تاکہ ملک کے مختلف طبقات اور کمیونیٹی اور زبانوں کے جاننے والے حضرات اس قانون کے نقصاندہ پہلو اجاگر ہوں اور سب لوگ مل کر ملک اور دستور کی حفاظت کے لئے اقدام کریں۔
دعاء و تسبیح کا ورد کریں ،”استغفر اللہ "اور "لاحول ولا قوۃ الا باللہ” کا اہتمام کریں، یہ تسبیحات کامیابی کی شاہ کلید ہیں ۔بڑی تعداد میں ائمہ کرام نے اس میٹنگ میں شرکت کی اور سبھو ں نے سرکار سے اس قانون کو جلد واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ امارت شرعیہ اور حضرت امیر شریعت کی آواز پر ہم لوگ لبیک کہتے رہتے ہیں اور آئندہ بھی جو حکم ہوگا اس کی تعمیل ہوگی ۔نشست میں خاص طور سے مولانا گوہر امام قاسمی امام وخطیب سنگی مسجد پٹنہ،مولانا اقبال صاحب امام وخطیب کربلا جامع مسجد،مولانا محمد عالم قاسمی صاحب امام وخطیب دریا پور مسجد پٹنہ، مولانا عبد الصمد قاسمی ،مولانا فائق صاحب چتکوہرہ ،مولانا امام الدین صاحب امام وخطیب ملی مسجد پٹنہ،مولانا نیاز احمد صاحب امام وخطیب مسجد سمن پورہ ،راجہ بازار،مولانا محمداقبال حسین صاحب امام وخطیب مسجد کرجی،مولانا محمد منیف قاسمی صاحب امام وخطیب مسجد پیر موہانی،،مولانا توقیر سبل پور،مولانا محمد کاظم باڑہ،مولانا بدیع الزماں سلطان گنج،مولانا ساجد رحمانی پھلواری شریف ،مولانا شبیر عالم مسوڑھی،قاری عبد الستار صاحب باقر گنج ،مولانا عالم گیر درگاہ سلطان گنج،مولانا شاہد حسین مسجد حرا عظیم آباد کالونی،مولانا ولی اللہ رحمانی شہباز پورہ پھلواری،مولانا محمد عزرائیل قاسمی کوشل نگر پٹنہ ،مولانا عبد الشکور عرفانی بینک روڈ،،پٹنہ مولانا خالد حسین نوہٹہ،مولانا شفیق الرحمن قاسمی مسوڑھی،قاری محمد حسین پٹنہ ،مولانامحمد سلطان خواجہ پورہ پٹنہ،محمد عظیم الدین مسجدحمید پور،مولانا محمدمعین الدین قاسمی کربیگہیا،مولانااعجاز احمد مفتاحی مسوڑھی،مولانا محمد صدام حسین مسوڑھی،محمد شاداب عالم بختیار پور پٹنہ اور ان کے علاوہ پٹنہ واطراف کے دیگر ائمہ کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میں ائمہ کرام کی یہ نشست مولانا اعجاز کریم کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×