احوال وطن

ٹریڈ یونین کا ملک گیر ہڑتال کا اعلان‘ 8؍جنوری کو بھارت بند‘ پچیس کروڑ لوگوں کے شامل ہونے کا دعوی

نئی دہلی: 7؍جنوری (ذرائع) دس مرکزی ٹریڈ یونین نے مشترکہ بیان میں کہا کہ آٹھ جنوری کو ملک گیر ہڑتال کیا جائے گا‘ جس میں کم از کم 25؍کروڑ لوگوں کی شمولیت ہوگی۔ ٹریڈ یونین انٹک‘ ایٹد‘ ایم ایم ایس‘ سی ٹو‘ اے آئی یو ٹی یو سی‘ یو سی سی‘ ‘ ایس ای ڈبلیو‘ اے آئی سی سی ٹی یو‘ ایل پی ایف‘ یو ٹی یو سی‘ سمیت مختلف یونین اور فیڈریشن نے گزشتہ سال ستمبر میں آٹھ جنوری 2020ء کو ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا تھا۔

طلباء کی 60؍تنظیموں اور کچھ یونیورسٹی کے اہلکاروں نے بھی ہڑتال میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا ایجنڈہ اضافی فیس اور ایجوکیشن کے کمرشیلائزیشن کی مخالفت کرنے کا ہے۔ ٹریڈ یونین نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں تشدد اور دیگر یونیورسٹی میں اسی طرح کے واقعات کی تنقید کی ہے اور ملک بھر میں طالب علموں اور اساتذہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مزدوروں، نوجوانوں اور غریبوں میں مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔ حکومت کی مزدور اور عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف بائیں محاذ کی تنظیموں اور ملک کی کئی دیگر تنظیموں نے بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔ اتر پردیش میں اس بند کو لے کر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور یہ الرٹ ڈی جی پی کے ہیڈ کوارٹر سے جاری کیا گیا ہے۔

ملک کی اقتصادی حالت ہر نئے دن کے ساتھ خراب ہو رہی ہے جس کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ جہاں صنعتوں میں لوگوں کو نوکریوں سے ہٹایا جا رہا ہے وہیں بے روزگار نوجوانوں کے روز گار کے لئے حکومت کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ کسانوں کی حالت خراب ہوتی جا رہی ہے اور شرح ترقی بھی زوال پذیر ہے۔ایک جانب جہاں لوگ اقتصادی صورتحال سے پریشان ہیں، وہیں دوسری طرف ملک میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، اور حکومت اس سلسلے میں کوئی راستہ نکالنے کی کوشش نہیں کر رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×