ریاست و ملک

وشاکھاپٹنم میں گیس اخراج سے متاثرہ گاؤں میں حالات معمول پر

وشاکھاپٹنم: 9؍مئی ( پی ٹی آئی ) آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایل جی پالیمرس پلانٹ سے زہریلی گیس کے اخراج کے سبب اطراف کے پانچ گاؤں متأثر ہوئے تھے اور سینکڑوں لوگوں کو دواخانہ میں علاج کے لیے شریک کرنا پڑا تھا۔ ریاستی حکومت  نے آج کہا کہ آر آر وینکٹا پورم گاوں میں صورتحال معمول کے مطابق ہے جہاں دو دن قبل ایل جی پالیمرس پلانٹ سے گیس کے اخراج کے نتیجہ میں 12 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور 300 افراد کو مختلف عارضوں کی وجہ سے دواخانہ میں شریک کرنا پڑا تھا ۔ ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈی گوتم سوانگ اور اسپیشل چیف سکریٹری ( صنعت ) کے والاوین نے آج پلانٹ کا معائنہ کیا اور مینجمنٹ سے بات چیت بھی کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر چیز معمول کے مطابق ہے اور خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسٹائرین گیس کے ذخیرہ کا جو ٹینک ہے اور جہاں سے گیس کا اخراج عمل میں آیا تھا وہاں درجہ حرارت کو معمول کے مطابق کرلیا گیا ہے ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ یقینی طور پر یہاں کی فضاء اور آب و ہوا تازہ ہے اور کوئی فکر کی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں عام زندگی بحال ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صرف احتیاط اور حفظ ماتقدم کے طور پر پروٹوکول کو ذہن میں رکھتے ہوئے عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ 48 گھنٹوں تک اس مقام سے دور رہیں۔ یہ مہلت کل ختم ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں بشمول دہلی سے سائنسدان اور ماہرین یہاں پہونچ رہے ہیں اور وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد قطعی کلئیرنس دینگے ۔

اسپیشل چیف سکریٹری نے کہا کہ اس پلانٹ میں درجہ حرارت کو معمول پر لا لیا گیا ہے ۔ پٹرولیم یونیورسٹی ‘ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کیمیکل ٹکنالوجی اور دوسرے مقامات سے ماہرین بھی یہاں پہونچ رہے ہیں۔ ان ماہرین کی جانب سے معائنہ کے بعد ہم مزید اقدامات کرینگے ۔ اس دوران ایل جی پالیمرس کے انتظامیہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ پلانٹ میں حالات کو معمول پر لالیا گیا ہے اور سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے تاکہ متاثرین اور ان کے خاندان کی مدد کی جاسکے تاکہ انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہونے نہ پائے ۔ اس کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد بھی فراہم کی جائے گی ۔ کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام متاثرہ خاندانوں سے جلد ہی رابطہ کیا جائیگا ۔ اس ٹیم کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کے علاوہ دوسرے متاثرین کو طبی امداد ‘ اشیائے ضروریہ وغیرہ فراہم کی جائیں اور ان کے حوصلے بھی بلند کئے جاسکیں۔ ان کی نفسیاتی بہتری کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ کمپنی کی ٹیموں کی جانب سے حکومت کے ساتھ مل کر اس گیس اخراج کے نقصانات کا جائزہ لینے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ایک موثر امدادی پیکج فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اس پیکج پر فوری عمل آوری کی جائے گی ۔ کمپنی نے اس بات کا تیقن دیا ہے کہ اس کی جانب سے فوری طور پر درمیانی اور طویل مدت کے امدادی پروگرامس تیار کئے جائیں گے اور یہ مقامی برداری کی مدد کیلئے کارآمد ہونگے ۔ چونکہ یہاں مقامی عوام میں اس کمپنی کو بند کرنے کے مطالبہ میں شدت پیدا ہوتی جا رہی ہے اس لئے کمپنی کی جانب سے تیقن دیا گیا ہے کہ صورتحال کو بہتر بنانے اس کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائیگا کہ مستقبل میں یہاں اس طرح کا کوئی اور واقعہ پیش آنے نہ پائے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×