حیدرآباد و اطراف

حیدرآباد کے عنبرپیٹ میں کل جماعتی پلیٹ فارم کے تحت اپنی نوعیت کے منفرد پروگرام کا انعقاد

حیدرآباد: 30؍نومبر (عصرحاضر) شہر حیدرآباد کے عنبر پیٹ میں واقع مدرسہ تجویدالقرآن آزاد نگر کے احاطے میں ایک عظیم الشان مثالی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اکثر پروگرام جلسے مجالس تو ہوتے ہیں لیکن یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد پروگرام جس کو کل جماعتی پلیٹ فارم کے زیر اہتمام بہ عنوان ’’سماج سدهار‘‘ بہ تاریخ 27؍نومبر 2022 بروز اتوار منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام دیگر جلسوں سے اس لیے ممتاز و نمایاں تھا کیوں کہ اس میں اسٹیج سے لیکر سامعین تک ہر مذہب ہر طبقے کے افراد کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کا مقصد سماج میں پھیلی برائیوں کا خاتمہ کرنا‘ نشے کی لت میں مبتلا لوگوں کو اس عادت سے بچانے کی تدبیریں اختیار کرنا‘ معاشرتی و عائلی زندگی میں در پیش مسائل کو کس طرح سے سلجھانا آپسی تعلقات کو بہتر بنانا اور خاص طور پر ملک کی گنگاجمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مذاہب کا احترام کرنا اور ایک اچھا شہری بن کر زندگی گزارنا۔ ان سب پہلؤوں کو سامنے رکھ کر یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔

مولانا غوث رشیدی صاحب صدر تجوید القرآن ٹرسٹ  نے اس اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لئے قابل ستائش انتظامات فرمائے، نیز علاقہ کی عوام و خواص بالخصوص برادران وطن کو جمع کرنے کے لئے بہت محنت فرمائی، مولانا کی فکر اور محنت سے علاقہ کے اہم غیر مسلم برادران وطن کی ایک اچھی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔ حضرت مولانا غوث رشیدی صاحب دامت برکاتہم کے فرزند مولانا حافظ محمد زکریا فہد صاحب اور مدرسہ کے استاذ مولانا مفتی عرفان صاحب اور ان کے رفقاء نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے قابل قدر محنتیں کیں۔ شرکاء اجلاس کو خاص طور سے برادران وطن کو مومینٹوز پیش کئے گئے، برادران وطن کو جوڑنے اور قریب کرنے کے لئے یہ ایک بہت اقدام ہے، اس سے شرکاء کو سماج سدهار کے اس پیغام کو یاد رکھنے اور اس فکر کے لئے کام کرنے میں مدد ملے گی۔

اس پروگرام میں غیر مسلم برادران وطن کی ایک معتد بہ تعداد شریک رہی، اور اس پروگرام کی فکر اور سوچ کا بہت اچھے انداز میں استقبال کیا۔ کئی غیر مسلم برادران وطن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس پروگرام کی فکر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فکر اور اس کے مطابق عمل کی سماج میں سخت ضرورت یے، برسوں سے ایسے پروگرام بند ہو گئے ہیں، اس پروگرام کو منعقد کرنے والوں کو وہ مبارکباد دیتے ہیں، اور سب مل کر اس پر کام کریں گے۔

پروگرام کے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب دامت برکاتہم نے فرمایا کہ سماج سدهار کی فکر کی صرف کسی ایک کمیونٹی کو نہیں بلکہ ہر طبقہ کی ضرورت ہے، ہر ایک کو انسانیت کی فکر کی ضرورت ہے، بلا فرق مذہب ہر مذہب کے ماننے والے کو ایک دوسرے کے کام آنے کی فکر کرنا ہے، جو اچھی باتیں اپنے لئےچاہیں وہی دوسروں کے لیے چاہیں۔ سب انسان ایک ہیں۔ ایک باپ کی اولاد ہیں۔ اس لئے آپسی دوریاں ختم کرکے ہر مذہب والے ایک دوسرے کے احترام کے ساتھ باہم جوڑے رکھیں اور انسانیت کے کام آنے کی فکر کریں۔ انسانیت کا یہ پیغام ہمارے بزرگوں کا پیغام ہے۔ خاص طور سے باتوں سے آگے بڑھ کر محلہ واری سطح پر ہر فرد مسلم ہندو وغیرہ انسانیت کی خدمت کے لئے عملی راہیں ہموار کریں۔ اس طرح یہ سلسلہ ان شاء اللہ پورے ملک میں پھیلے گا۔

یہ پروگرام تلاوت قرآن مجید و نعت مبارک سے شروع ہوا۔ اس اجلاس بعنوان "سماج سدهار” کا تعارف مفتی انعام الحق قاسمی صاحب نے پیش کیا کہ سماج میں تمام دھرموں کے ماننے والوں کو جوڑنا اس پروگرام کا اصل مقصد اور اصل فکر ہے، تاکہ سب مل کر باہمی دوریوں کو ختم کریں، ایک دوسرے کا احترام کریں، ایک دوسرے کے کام آئیں، سماج کے اصل مسائل پر توجہ دیں، ایک دوسرے کے لئے محبت کے جذبات رکھیں، نسلوں اور دیش کی ترقی کی فکر کریں، سماج سے برائیوں کو دور کرنے میں سب مل کر محنت کریں، شراب جوا اور اس جیسی دوسری سماجی برائیوں کا باہم مل کر خاتمہ کریں۔ سب کو جوڑتے ہوئے سماج سدھار کا یہ پروگرام ایک آغاز ہے، سماج کے ہر طبقہ کو ساتھ لے کر یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس پروگرام کے اہم مہمان خطیب مولانا سلیمان اجمل صاحب نے تیلگو زبان میں سماج سدھار کے اہم خطوط کو بہت دلنشین انداز میں بیان کیا۔ حضرت مولانا محمد مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی صاحب دامت برکاتہم، حضرت مولانا فصیح الدین ندوی صاحب دامت برکاتہم، اور حضرت مولانا رفیع رشادی صاحب مد ظلہ العالی نے بھی شرکاء اجلاس کے سامنے سماج سدھار کے لئے بہت اہم باتیں رکھیں، اور سماجی برائیوں کو دور کرنے کے طریقوں پر رہنمائی فرمائی۔

حضرت مولانا مصدق القاسمی صاحب دامت برکاتہم نے سماج سدهار کے اس اجلاس کے شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا فرمایا۔ اخیر میں صدر اجلاس کی دعاء پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing