جمعیۃ علماء کریم نگر سیرت النبی ﷺ امتحان اور جلسہائے سیرت النبی ﷺ منعقد کرے گی
کریم نگر: 21؍اکٹوبر (عصر حاضر) حافظ عبدالمجید اشتیاق سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر کی اطلاع کے بموجب جمعیۃ علما ء کریم نگر کا مشاورتی اجلاس ۲۰ اکٹوبر بعد عشاء مدرسہ اشرف العلوم میں حضرت مفتی محمد یونس القاسمی صاحب صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر کی صدارت میں منعقد ہوا۔مفتی خواجہ غفران الدین اسعدی نے قرآن مجید کی تلاوت کی۔بعد ازاں مفتی محمد یونس القاسمی نے حیدر آباد میں منعقد ہوئے حالیہ منتظمہ کے اجلاس کی روداد پیش کی،این ،آر،سی سے متعلق ضروری چیزوں کے بارے میں باخبر کیا اور کہا کہ ان شاء اللہ جمعیۃ علماء کریم نگر کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے مختلف مقامات پر یہ خدمت انجام دی جائے گی ،اس کا ذمہ دار حافظ سید رضوان صاحب جنرل سکریٹری سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر کومتعین کیا گیا ،مساجدکے پاس اور مختلف محلوں میں ضروری دستاویزات کی تیاری ودرستگی کے لئے کوشش کی جائے گی۔ اسی طرح جمعیۃ علما ء کریم نگر کی جانب سے ہر سال ربیع الاول میں عصری اسکولس کے طلباء میں سیرت النبیﷺ کے معلوماتی ومسابقتی امتحان کا انعقاد عمل میں آتا ہے،جس میں الحمدللہ بڑی تعداد میں مسلمان وغیر مسلم طلباء شریک ہوتے ہیں ،اس سال بھی ان شاء اللہ نومبر میں سیرت النبیﷺ کے امتحان منعقد ہوں گے،امتحان کا ذمہ دار مولانا محمد عمر فاروق صاحب قاسمی صدر سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر،معاونین مفتی محمد صادق حسین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر،مفتی محمد نوید سیف حسامی جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر کو متعین کیا گیا تھا،ان حضرات نے کتاب وغیرہ کا انتخاب کرلیا ہے اور سیرت النبی ﷺ امتحان ان شاء اللہ ۱۹ نومبر کو منعقد ہوں گے،امتحان اردو، انگلش، تلگو تینوں زبانوں میںہوگا۔اسی طرح ربیع الاول میں شہر اور قرب وجوار میں سیر ت النبی ﷺ پر علماء کرام کے بیانات کا اہتمام بھی کیا جائے گا،شہر میں تین بڑے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے، نیز اطراف منڈلوں میں بھی جلسوں کا انعقاد ہوگا۔اسکاؤٹ ٹریننگ کے لئے کریم نگر سے ایک وفد مظفر نگر بھیجا جارہاہے تاکہ وہ اس ٹریننگ میں شریک ہوسکے۔اسی طرح ایک پروگرام ۱۵ نومبر کو برادران وطن کے لئے بالخصوص منعقد ہوگا ،جس میں ان شاء اللہ سیرت النبی ﷺ کا پیغام اور اسلام کی سلامتی والی تعلیمات کو ماہرین کے ذریعہ پیش کیاجائے گا۔تمام اراکین و حاضرین نے ان امور سے اتفاق کیا۔ اجلاس میں مفتی محمد غیاث محی الدین صاحب نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر،حافظ محمد وسیم الدین صاحب خازن جمعیۃ علماء ضلع کریم نگر، مولانا محمدعمر فاروق قاسمی صدر سٹی جمعیۃ علماء،مفتی محمد صادق حسین قاسمی جنرل سکریٹری، مفتی عبدالحمید قاسمی صدر دینی تعلیمی بورڈکریم نگر، مفتی محمد نوید سیف حسامی جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ، حافظ سید رضوان جنرل سکریٹری سٹی جمعیۃ،مفتی محمد یوسف حسامی ،مفتی محمد شعیب علی قاسمی ،مفتی عبدالعلیم قاسمی ،مولانا محمد مزمل اسعدی کے علاوہ دیگر اراکین نے شرکت کی۔