احوال وطن

کیرالہ میں کشتی حادثہ، 22؍افراد جاں بحق

لواحقین کو ریاستی حکومت کا دس دس لاکھ اور مرکز کا دو دو لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان

ملاپورم، 8 مئی (ذرائع) کیرالہ میں تنور کے قریب کوراپوزا ندی کے مہانے پر اوٹوپورم-تھوول تھیروم ساحل پر پیش آئے ایک کشتی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد اتوار کو بڑھ کر 22 ہو گئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس حادثہ میں پارپنگڑی کے ایک ہی خاندان کے نو افراد کی موت ہو گئی۔ تمام 22 مرنے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ان میں سات بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کے 10 منٹ کے اندر ماہی گیروں اور مقامی باشندوں نے 10 مسافروں کو بچا لیا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ حادثے میں ایک شخص تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش میں بحریہ، این ڈی آر ایف، فائر ڈپارٹمنٹ، ریسکیو اسکوبی ٹیم اور مقامی ماہی گیر مہم چلا رہے ہیں۔ کشتی کے مالک تنور کے رہائشی نذر کے خلاف ناقابل ضمانت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ حادثے کے بعد نذر فرار ہو گیا۔ چار شدید زخمی بچوں کو کوٹکل کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔  وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی شام کیرالہ کے ملاپورم میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ’’کیرالہ کے ملاپورم میں کشتی حادثے میں لوگوں کی موت سے رنج زدہ ہوں۔ سوگوار خاندانوں سے تعزیت۔ وزیر اعظم ریلیف فنڈ ( پی ایم این آر ایف) سے ہر مرنے والے کے لواحقین کو 2،2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا فراہم کی جائے گی۔‘‘ اس دوران کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے بھی کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی موت پر تعزیت کی اور کہا کہ وہ پیر کو جائے حادثہ کا دورہ کریں گے اور سوگوار خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے پیر کو ملاپورم ضلع کے تالک اسپتال، ترورانگڈی کا دورہ کیا جہاں ایک دن پہلے تنور ساحل کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں زندہ بچ جانے والوں کو داخل کیا گیا تھا۔ کیرالہ حکومت نے بھی اس واقعہ کی عدالتی جانچ کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرین کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت زخمیوں کے علاج کے اخراجات برداشت کرے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×