احوال وطن

’’ترکی و شام کے متأثرین کی بھر پور مدد کریں اور توبہ و استغفار کا اہتمام کریں‘‘

مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی، صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل

نئی دہلی: 8؍فروری (پریس نوٹ)دوروزقبل ترکی و شام میں آنے والے زلزلہ نے پوری انسانی برادری کو ہلاکررکھ دیا، واقعہ انتہائی المناک، غم انگیز اور تڑپا دینے والا ہے، جس میں ہزاروں نوجوان، بوڑھے، بچے، مرد اور عورتیں لمحوں میں تہِ خاک دفن ہوگئے، فلک بوس، خوبصورت اور شاندار عمارتیں پلک جھپکتے ہی زمین پر آپڑیں، اس موقع پر ترکی اور شام کے پریشان حال لوگوں کی مدد کرنا پورے سماج کا انسانی فریضہ ہے، ہمارے وطن عزیز ہندوستان کے بشمول مختلف ملکوں نے متأثرین کی طرف مدد کا جو ہاتھ بڑھایا ہے وہ بہت ہی لائق تحسین ہے۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اس موقع پر تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ فراخ دلی کے ساتھ متأثرین کی مدد کریں، ملک کی جو معتبر تنظیمیں ریلیف کے لیے کام کررہی ہیں، ان کے ذریعہ اپنی مدد پہنچائیں، نیز مسلمان اس حقیقت کو یاد رکھیں کہ دنیا میں جو بھی حالات پیش آتے ہیں، وہ سب اللہ کی مرضی سے پیش آتے ہیں، لہٰذا اس موقع پر ہمیں دعاؤں کا خاص اہتمام کرنا چاہئے، توبہ کرنا چاہئے، استغفار کرنا چاہئے اور ہراس کام سے بچنا چاہئے جو اللہ کو ناراض کرنے والا اور اس کے غضب کو بھڑکانے والا ہو۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی حفاظت فرمائے اور اپنی امان میں ہمیں رکھے (آمین)۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×