احوال وطن

اورنگ آباد حج ہاؤس کی شاندار عمارت بن کر تیار، جلد افتتاح کی توقع

ممبئی /اورنگ آباد: مشہور تاریخی شہر اورنگ آباد میں حج ہاؤس کی عمارت بن کر تیار ہو چکی ہے، لیکن اب تک اس عمارت کا افتتاح نہیں ہوسکا، گزشتہ برس بھی اورنگ آباد کے عازمین کو جامع مسجد سے ہی حج کے لیے روانہ ہونا پڑا تھا۔ تاہم امسال امکان ہے کہ حج ہاؤس کی شاندار نئی عمارت سے عازمین حج کا قافلہ روانہ ہوگا۔اورنگ آباد کے ایم پی امتیاز جلیل نے آج فیس بک پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اطلاع دی کہ مارچ میں حج ہاؤس کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ کورونا وبا کی وجہ سے دو سال سے عازمین حج کو فریضہ حج کی سعادت نصیب نہیں ہوسکی تھی، لیکن اب حج مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے۔اورنگ آباد میں 2013 میں شاہی مسجد کے دامن میں حج ہاؤس کی تعمیر شروع ہوئی تھی، اس حج ہاؤس کو مکمل ہونے میں تقریباً ایک دہائی کا عرصہ لگا۔ عمارت آج پوری طرح تیار ہے لیکن حکومت کی سرد مہری کی وجہ سے گزشتہ سال بھی عازمین شہر کی تاریخی جامع مسجد سے ہی سفر حج پر روانہ ہوئے۔ اورنگ آباد کے ایم پی سید امتیاز جلیل نے ریاستی حکومت کی پالیسی پر نکتہ چینی کی، ان کا الزام ہے کہ ریاست کی موجودہ حکومت مسلمانوں کے معاملات کو لے کر سنجیدہ نہیں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×